اب حکمرانوں کو جانا ہوگا، انصاف کیلئے ہر طرح کااحتجاج کریں گے:طاہرالقادری

30 Dec, 2017 | 03:31 PM

(مظہر عباس) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک اور دھرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف دھرنا ہوا تو انکا اقتدار ختم ہو جائے گا۔ اب سلطنت شریفیہ اور قومی سلامتی کے درمیان جنگ چھڑ گئی ہے۔

ماڈل ٹاؤن سکریٹریٹ میں اے پی سی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور مجھے کیوں نکالا آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ ان کا کوئی کمال نہیں تمام جماعتوں کو اس ایجنڈا نے جوڑا ہے۔ تمام جماعتوں کا اپنا نظریہ اور ایجنڈا ہے کئی بار قومی جماعتیں اپنے اختلافات کی وجہ سے ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکمرانوں کو جانا ہوگا۔ وہ انصاف کے لیے ہر طرح کا احتجاج کریں گے۔

طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ سلطنت شریفیہ اور قومی سلامتی کے درمیان جنگ چھڑ گئی ہے۔ مدینے میں شہباز شریف کی موجودگی پر قاتل اعلیٰ کے نعرے لگے۔ جناح باغ میں لوگوں میں لاکھوں روپے تقسیم کر کے کھلی کرپشن کے ذریعے سیاسی کلچر کو آلودہ کیا۔

 ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے بھٹو صاحب کی جدوجہد اور پی این اے کی تحریک اور بھٹو کے اقتدار کا خاتمہ دیکھا ہے۔ نجفی کمیشن رپورٹ نے شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کو ذمہ دار ٹھرایا۔ لیکن جب تک یہ حکمران بیٹھے ہیں قاتلوں کو تحفظ ملتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آپ کو آپ کے کرتوتوں نے نکالا، حکومت کے خلاف مہم کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا تھا، رات کے اندھیرے میں شب خون مارا گیا، آپ نے بھاری نفری بھیج کر خون کی ندیاں بہا دیں۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں