عابد چوہدری: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کے مبینہ ملزم احسن شاہ کی اہلیہ گھر سے زیورات اور لاکھوں روپے نقدی لےکر فرار ہوگئی۔
ملزم احسن شاہ کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سے قبل مبینہ آڈیو سامنے آنے کےمعاملے میں احسن شاہ کی اہلیہ عریشہ شاہ کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپہ مارا ۔
انویسٹیگیشن پولیس کے مطابق وہ گھر سے لاکھوں روپے کی مالیت اور نقدی لے کر فرار ہوگئی ہے۔ عریشہ کے والد کے گھر پر بھی تالا لگا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق احسن شاہ کی والدہ نے تھانہ راوی روڈ میں عریشہ کےخلاف چوری کے مقدمے کیلئے درخواست دی ہے، والدہ نے الزام لگایا ہے کہ احسن کی ہلاکت کے بعد عریشہ گھر سے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل احسن شاہ کی ایک آڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ اپنی اہلیہ سے بات کرتے ہوئے پولیس افسر کے قتل کا ارادہ ظاہر کررہا تھا۔