بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نےکہیں میٹر توڑے تو کہیں بلوں کو آگ لگائی۔
لاہور میں احتجاج
لاہور میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافےکے خلاف مختلف مقامات پر احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی کے ساتھ بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
گجرپورہ
گجرپورہ فرنیچر مارکیٹ میں بھی تاجروں اور شہریوں نے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج کیا، ٹائر جلائے اور بلوں میں اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
جوہر ٹاون
لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف تاجروں اور شہریوں نے ایچ تھری کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا اور بجلی کے بلوں کو آگ لگادی۔
شاہ کمال لاہور
حالیہ مہنگائی کی لہر اور بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ ٹیکسز اور اضافے پر شاہ کمال میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شاہ کمال کے رہائشیوں نےہاتھوں میں بجلی کےبل اٹھائے مظاہرہ میں شرکت کی۔ مظاہرین نے لیسکو اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
فیروزپور روڈ
فیروز پور روڈ پر شنگھائی پل کے قریب حقوق خلق پارٹی نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافےکے خلاف احتجاج کیا ۔
قصور میں احتجاج
قصور کے علاقے چونیاں میں تاجروں نے میونسپل کمیٹی ہال تک ریلی نکالی اور حکومت سے بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
راجن پور میں احتجاج
راجن پور میں انجمن تاجران نے بجلی کے بل، میٹر اور روٹی اٹھا کر احتجاج کیا، حافظ آباد میں تاجروں، دوکانداروں اور بھٹہ مزدوروں نے بجلی بل میں اضافے کے خلاف کچہری بازار سے بس اسٹینڈ تک ریلی نکالی، فوارہ چوک پر احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا۔
خوشاب
خوشاب میں بھی غلہ منڈی مٹھہ ٹوانہ سے لاری اڈے تک ریلی میں تاجر،دکاندار، وکلاء اور شہریوں نے شرکت کی۔
پشاور میں احتجاجی مظاہرے
پشاور میں بھی بجلی کے بھاری بلوں پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا، بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے اور بھاری ٹیکس کے خلاف جگہ جگہ تاجروں اور شہریوں نےاحتجاجی مظاہرےکیے۔
کوئٹہ میں احتجاج
بجلی کے بل کی قیمتوں میں اضافےکے خلاف کوئٹہ میں بھی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بل میں اضافی ٹیکس ختم کیے جائیں۔
سندھ میں احتجاج
سندھ میں ٹنڈوالٰہ یارمیں بھی چمبڑ ناکہ سے موج دریا روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے حکومت سے ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
کے الیکٹرک کی سکیورٹی
محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو مکتوب تحریر کیا ہے، مکتوب میں کے الیکٹرک کی املاک اور عملے کی ہر ممکن حفاظت کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ادھرکراچی میں اضافی بلوں پر احتجاج میں تشدد کے معاملے پر محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کو کراچی الیکٹرک کی تنصیبات اور دفاتر کی خاص طور سے حفاظت کی خصوصی ہدایات جاری کر دیں، محکمہ داخلہ نےکے الیکٹرک کے حکام سے ملاقات کے بعد ہدایت جاری کی ہیں۔