پی ٹی آئی نے سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا

30 Aug, 2023 | 08:50 AM

مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

گزشتہ روز وزارت قانون نے سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔وزارت قانون کے مطابق سائفرکیس کی سماعت کیلئے وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جس کے باعث اب کیس کی سماعت سیکرٹ ایکٹ کے تحت  آج اٹک جیل میں ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیس کی سماعت کیلئے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اٹک جیل جائیں گے۔

سائفرکیس میں آج چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہو رہا ہے اور ذرائع کے مطابق سائفرکیس کے لیے شاہ محمود قریشی کو آج جوڈیشل کمپلیکس میں ہی پیش کیا جائےگا۔تاہم پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

 ترجمان  پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کی طرح سائفر کیس میں بھی بے انصافی کی بنیاد رکھ دی گئی ، بند کمرے میں ٹرائل کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے ، خفیہ ٹرائل یا اس کے نتیجے میں سنائے گئے کسی فیصلے کی قانونی حیثیت نہیں ہوگی ۔یہاں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سائفر کیس میں 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

مزیدخبریں