ولیِ کامل حضرت مولانا عبدالصمد ہالیجوی کے جنازہ میں ہزاروں عقیدتمندوں کی شرکت

30 Aug, 2023 | 12:56 AM

This browser does not support the video element.

This browser does not support the video element.

ویب ڈیسک: جمعیت علماءاسلام صوبہ سندھ کے امیر ولیِ کامِل حضرت مولانا سائیں عبدالصمد ھالیجوی رح کی نماز جنازہ بعد از مغرب متصل خانقاہ ھالیجوی شریف تحصیل پنوعاقل ضلع سکھر میں ادا کر دی گئی، جنازہ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے  شرکت کی۔ 

سائیں عبدالصمد ہالیجوی صاحب کی نماز جنازہ  کے انتظامات جمعت علما اسلام سندھ کے کارکنوں نے سنبھال رکھے تھے۔ جنازہ میں شرکت کے لئے دور دور سے آنے والے سوگواروں کو کھلے میدان میں بنائی گئی جنازہ گاہ تک پہنچانے کے  لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ 

حضرت عبدالصمد ہالیجوی ضعیف العمری کی وجہ سے کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے اور ہسپتال میں داخل تھے۔ ان کی علالے کے دوران جمعیت علما اسلام کے کارکن مسلسل ان کی تیمارداری اور عیادت کے لئے ہسپتال میں حاضری دیتے رہے۔ منگل کی صبح انہوں نے جان جانِ آفرین کے سپرد کی تو  ان کی وفات کی خبر سرعت کے ساتھ ملک بھر میں پھیل گئی اور لوگ جوق در جوق ہسپتال اور بعد ازاں حضرت عبدالصمد ہالیجوی کی درگاہ پر پہنچنا شروع ہو گئے۔

سائیں ہالیجوی کی وفات سے میرے لئے دعا کا ایک اور باب بند ہوگیا ، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے حضرت عبدالصمد ہالیجوی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائیں عبدالصمد ہالیجوی کے سانحہ ارتحال کی خبر افسوسناک ہے۔ حضرت کی وفات ملک بھر اور خصوصا صوبہ سندھ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ سائیں ہالیجوی کی وفات سے میرے لئے دعا کا ایک اور باب بند ہوگیا ۔  ہمیشہ سرپرستی کی ،رہنمائی کی ،دعائیں دیں ،مشفق مشیر ،با وفا ساتھی اور مخلص مشیر تھے ۔ حضرت مرحوم میرے شفیق بزرگ ،رہنماء اور جماعت کا سرمایہ تھے۔ مرحوم ہماری تابناک روایات کے امین تھے ۔ مرحوم نے خانقاہ میں سالکین اور سیاسی میدان میں کارکنوں کی بھر پور رہنمائی کی۔ مرحوم نے خانقاہ سے باہر نکل کر عملی میدان میں بھی ظلم وجبر کا مقابلہ کیا ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ  حضرت کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ مولانا فضل الرحمان دعا گو ہوں کہ اللہ کریم ان کے ساتھ رحم وکرم والا معاملہ فرمائے ،درجات بلند فرمائے ۔  رب کریم ان کے متعلقین ،مریدین ،تلامذہ اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔ 

جمعیت کے مدبرین کی حضرت ہالیجوی کی وفات پر تعزیت

جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ، مولانا قمر الدین ،مولانا محمد یوسف ،محمد اسلم غوری ، مولانا امجد خان ،مفتی ابرار احمد خان ،مولانا صلاح الدین اور عبدالرزاق عابد لاکھو  نے بھی جے یو آئی صوبہ سندھ کے امیر سائیں عبدالصمد ہالیجوی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا،سائیں عبدالصمد ہالیجوی شریعت وطریقت کے امام ،متبع سنت اور عالم باعمل تھے۔ کٹھن اور ناسازگار حالات میں ہمیشہ رہنمائی اور سرپرستی کی۔ اللہ پاک لواحقین ،تلامذہ ،منتسبین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

اسلم غوری نے کہا، سائیں عبد الصمد ہالیجوی نے طویل عرصہ منبر و محراب کو رونق بخشی ۔حضرت طریقت وسیاست کا حسین امتزاج تھے۔ جے یو آئی صوبہ سندھ انکی قیادت میں ہمیشہ متحرک رہی۔

اکرم خان درانی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا، دعاہے کہ اللہ کریم ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطاء فرمائے ۔

مزیدخبریں