طلباء کے لئے بری خبر،تعلیمی سرگرمیاں معطل

30 Aug, 2022 | 08:56 PM

Imran Fayyaz

(جنید ریاض) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نزولی بازار کی عمارت خستہ حالی کا شکار ،عمارت کسی بھی وقت زمین بوس ہونے کا خدشہ ہے۔

مین بازارمزنگ میں واقع گورنمنٹ گرلزہائی سکول نزولی بازار کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارت کسی بھی وقت زمین بوس ہوسکتی ہے تاہم سکول انتظامیہ نے دوروزسے تعلیمی سرگرمیاں معطل کرکے سکول بند کردیا۔ سکول میں 700 طالبات، 34 اساتذہ اور10 نان ٹیچنگ سٹاف موجودہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے فوری مرمت کروائی جائے۔
سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن اتھارٹی کوعمارت کی خستہ حالی بارے متعدد بارآگاہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ والدین کا کہنا ہےکہ طالبات کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث یہاں بچے پڑھاتے ہوئےخوف طاری رہتا ہے۔
معاملہ منظرعام پرآتے ہی ایجوکیشن اتھارٹی نےطالبات کوگورنمنٹ گرلز ہائی سکول فین روڈ شفٹ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ کہتے ہیں دوماہ میں مرمت کا کام مکمل کرکے بچوں کو واپس سکول لے آئیں گے۔
دوسری جانب سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مزنگ اڈہ میں گندے نالے کا پانی کمروں میں داخل ہوگیا،گندہ پانی سکول میں بھرجانے سے تعلیمی سرگرمیاں دو روز سے معطل ہیں۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیوایم سی کے تعاون سے آج صفائی کا کام مکمل ہونے کےبعدبدھ سےباقاعدہ سکول کھول دیا جائیگا۔

مزیدخبریں