مون سون بارشوں کی ایک اور لمبی اننگز کی پیشگوئی

30 Aug, 2022 | 07:54 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کےجنوبی حصوں میں مون سون ہوائیں 14 یا 15 ستمبر سے دوبارہ داخل ہونے کا امکان ہے، مری ، گلیات ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کےمطابق موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ سسٹم سندھ کے ساحلی علاقوں پر 14 یا 15 ستمبر سے اثر انداز ہوسکتا ہے، سندھ اور بلوچستان میں ستمبر میں معمول سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم بارشوں کی شدت جولائی اور اگست جیسی نہیں ہوگی، 80 فیصد مون سون بارشیں برس چکی ہیں، مون سون سیزن ستمبر کے آخری ہفتے یا اکتوبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔یہ طویل دورانیے کی پیشگوئی ہے جس میں تبدیلی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کے اوقات میں ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب ، مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے،اسلام آباد،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مو سم گرم اور خشک رہے گا، کرم،چترال، دیر، سوات،بالاکوٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، مری ، گلیات ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔


 

مزیدخبریں