وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بڑا فیصلہ

30 Aug, 2022 | 09:39 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزراء سمیت تمام اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، حکومتی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا،اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد ملک میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ’ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس نے قرار دیا کہ 60 سال میں ایسی تباہی نہیں ہوئی جو حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر بالخصوص صوبہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کے لئے ہنگامی اقدامات ، سیلاب زدہ علاقوں کے مسلسل دوروںاور بلاتعطل معاونت کی فراہمی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق وفاق کی جانب سے فوری طور پر سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ’این ڈی ایم اے‘ کو 5 ارب روپے کے اجراء، صوبہ سندھ کے لئے 15 ارب، صوبہ بلوچستان کو 10 ارب کی خصوصی گرانٹ کے علاوہ ہر جاں بحق فرد کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دینے ، زخمیوں، مکانات سمیت دیگر نقصانات پر زرتلافی کی ادائیگی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں