(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں بہت بڑا امتحان ہے سیلاب کی وجہ سے پوراملک متاثر ہے اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا پاکستان مل کراس امتحان کاسامنا کرے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کا آغاز کیا جس میں چار ارب 14 کروڑ روپےسے زائد جمع ہوگئے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ہمارے نوجوان رضاکار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضاکاروں کو گائیڈ کریں گے اور ڈائریکشن دیں گے تاکہ رضاکارمتاثرہ لوگوں تک پہنچیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 2010 کے سیلاب میں قوم کو متاثرین کی مدد کرتے ہوئے دیکھا ہے اب بھی مشکل گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی بھرپور مدد کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جو بھی فنڈز ملیں گے اسے ثانیہ نشتر کی سربراہی میں خرچ کیا جائے گا ہمارا مقصد ہے کہ جتنے بھی فنڈز جمع ہوں گے سیلاب متاثرین پر خرچ کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ٹیلی تھون ٹرانسمیشن میں سیاست دان، فنکاروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، سابق کرکٹر انضمام الحق، اداکارہ عتیقہ اوڈھو، حمزہ علی عباسی، جاوید شیخ، شان شاہد، رائٹر خلیل الرحمان قمر ودیگر شامل تھے۔