ویب ڈیسک: سنگاپور دنیا میں کورونا وائرس کی سب سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں لگانے والا ملک بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق سنگاپور نے 80 فیصد آبادی کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا کر ایک نمایاں اعزاز حاصل کر لیا ۔ غیر ملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور اپنی 80 فیصد آبادی کو کورونا کی ویکسین لگا کر دنیا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے زیادہ ویکسین لگانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
سنگاپور نے اپنی مجموعی 57 لاکھ افراد پر مشتمل آبادی میں سے 80 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگا دی ہے جبکہ باقی 20 فیصد آبادی کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔سنگاپور کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ہم نے 80 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگانے کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں مکمل ویکسی نیشن کی شرح دنیا کی بلند ترین شرح ہے، دوسرے ممالک جن میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہے ان میں متحدہ عرب امارات، یوروگوئے اور چلی شامل ہیں جہاں 70 فیصد سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ رواں برس جنوری میں کورونا ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والے ملک سنگاپور نے اپنے شہریوں کو فائزر، بائیو ٹیک اور موڈرنا ویکسین لگائی ہیں۔