موبائل فون کا استعمال انسانی ڈھانچے کیلئے کیسے خطرناک ہوسکتا ہے؟

30 Aug, 2021 | 04:41 PM

ویب ڈیسک:     ماہرین نے موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ انسانی ڈھانچے کےلیے بھی انتہائی خطرناک قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ماہرین کی جانب سے موبائل فون کے انسانی صحت اور ڈھانچے سے متعلق تحقیق نے لوگوں کو دنگ کردیا ہے۔ماہرین کے مطابق  موبائل فون کے زیادہ استعمال سے صحت تو متاثر ہوتی ہے لیکن کھوپڑی کا پچھلا نچلا حصّہ شدید متاثر ہوتا ہے کیوں کہ مسلسل گردن جھکائے مذکورہ حصے کی ہڈی پر باریک سینگ نما ابھار بن جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ  کھوپڑی کے پچھلے نچلے حصے کی ہڈی (اس ہڈی کو کسی پیٹل) میں سینگ نما ابھار کو ’اینلارجڈ ایکسٹرنل اوکسی پیٹل پروٹبرینس‘ یا مختصر الفاظ میں ای ای او پی کہتے ہیں۔اس سلسلے میں آسٹریلوی ماہرین نے 18 سے 86 سال کے ایسے 1200 مرد و خواتین کا جائزہ لیا جو موبائل کا استعمال بہت زیادہ کرتے ہیں اور ان کی 33 فیصد تعداد کی کھوپڑی میں ہڈی کا غیرمعمولی ابھار بنتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

اس سے قبل  بھی کینیڈا میں اسی طرز کا ایک سروے کیا گیا تھا جس میں 68 فیصد طلبہ کی گردن اور سر میں شدید تکلیف کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ابھی موبائل فون کا استعمال نہیں روکا گیا یا اس کا استعمال  کم نہیں کیا گیا تو متاثرہ افراد میں مزید پیچیدگیاں بڑھ سکتی ہیں  اور حتیٰ کہ معذوری تک کا خطرہ ہے۔

 
 

مزیدخبریں