( ویب ڈیسک ) چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کیلئے مختلف لوگ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں تاکہ جانوروں کی صحت کا خیال رکھا جائے اور انھیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو لیکن برطانیہ کے نجی چڑیا گھر میں شیر نے نگہداشت کیلئے پنجرے میں آنے والی لڑکی پر حملہ کردیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہر ناٹنگھم کے علاقے اسٹریلے میں یہ خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی چڑیا گھر میں 16 سالہ نگہبان لڑکی شیر کے حملے سے زخمی ہوگئی۔
ملازمہ کے غیرتربیت یافتہ ہونے کی وجہ سے شیر نے اس پر حملہ کردیا لیکن لڑکی خوش قسمت تھی تھوڑی سی مشقت کرنے پر اس نے شیر کے حملے کو ناکام بنایا اور پنجرے سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔
شیر کے حملے سے 16 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی جسے بعد میں طبی امداد کیلئے نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب برطانوی حکام نے اس واقعے کے بعد قریبی رہائشیوں کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نجی چڑیا گھر میں موجود شیروں کو قبضے میں لے لیا ہے۔
واضح رہے لاہور سفاری پارک میں بھی شیروں نے نوجوان پر حملہ کردیا تھا۔ پارک ملازمین جب شیروں کو خوراک ڈال رہے تھے تب انہیں انسانی اعضا نظر آئے، جس پر انہوں نے انتظامیہ کو اطلاع دی اور پولیس کو بھی موقع پر بلا لیا گیا۔ نوجوان کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بلال پیر کی شام گھر سے گھاس کاٹنے نکلا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔