ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کو بڑی تجویز دیدی

چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کو بڑی تجویز دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

گلبرگ (علی اکبر) صدر مسلم لیگ( ق) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تجویز ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خود کراچی میں ایک ہفتہ رہیں اور کراچی کے ہر مسئلے کو خود مانیٹر کریں اور ہدایات جاری کریں۔

کراچی کی حالت زار پر تبصرہ کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ کئی ادوار گزرے، کئی لوگ اقتدار میں آئے اور چلے گئے لیکن کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کی نذرہو جاتا ہے، کراچی میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومت رہی، گونر راج بھی رہا، میئر اور ایڈمنسٹریٹر بھی تعینات رہے مگر افسوس ایک دوسرے پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔ اکثر سب ایک دوسرے پر الزامات لگا کر بری الذمہ ہوتے رہے اور ہمیشہ اقتدار اور اختیارات کا رونا رویا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اہم مسائل میں گندے اور صاف پانی کا مسئلہ نمایاں ہے، صفائی کے مسئلے کو اجاگر توکیا گیا لیکن عملی طور پر شہر کی صفائی کی بجائے اپنی صفائی کو اہمیت دی گئی، اکثر لوگ کراچی کی صفائی کی بجائے ہاتھ کی صفائی دکھاتے ہیں۔ یہاں پر اختیارات کا مطلب صرف پیسے ہیں۔ 

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج تک صرف یہی کہا گیا کہ فلاں علاقے میں یہ مسئلہ ہے، کبھی صفائی کا مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے، کبھی بارشی پانی کا اور کبھی پینے والے پانی کا لیکن اس کو درست کرنے کیلئے آج تک کوئی کام نہیں کیا گیا۔ جب بھی کوئی آفت آتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ میئر کام کرے گا، میئر سے پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں میرے پاس اختیارات نہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صاحب اقتدار لوگ صرف بیانات نہ دیں بلکہ ملبہ کسی اور پر ڈالنے کی بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کی مرضی شامل کریں اور سارے لوگ اپنی اپنی تجاویز دیں تاکہ کراچی میں جو بھی مسئلہ ہو اس کو فوری حل کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ گندگی پھیلانے والوں کا بھی سدباب کیا جائے، اگر صفائی نہیں کر سکتے تو پھر گندگی بھی نہ پھیلائیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ارجنٹائن کے وزیراعظم کی مثال سب کے سامنے ہے کہ وہ صفائی والے کپڑے پہن کر گلیوں میں صفائی کرتی تھی جبکہ وہ یہ بھی کہہ سکتی تھی کہ یہ میرا کام نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہاں جب کچھ نہ بن پڑے تو وزیراعظم کو تجویز دی جاتی ہے کہ جھاڑو پھیرنے والاکام فوج سے کروائیں۔

 

 

Sughra Afzal

Content Writer