پنجاب میں ڈینگی کا ایک اور کیس رپورٹ، مجموعی تعداد 46 ہوگئی

30 Aug, 2020 | 01:30 PM

Sughra Afzal

جیل روڈ(زاہد چودھری) پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کا ایک کنفرم کیس رپورٹ ہوا، جنوری سے لے کر اب تک ڈینگی کے 46 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک مریض میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، ڈینگی کا مریض بھکر سے رپورٹ ہوا جس کو ہسپتال میں داخل کرکے علاج کیا جا رہاہے، مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ترجمان کے مطابق اس وقت صوبہ بھر میں 4 مریض زیر علاج ہے،42 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ترجمان پرائمری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران 524 مشتبہ مریض بھی رپورٹ ہوئے جن کوسرویلنس میں رکھ کر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، گزشتہ ایک ہفتے میں صوبہ بھر کے 8629 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہو۔

ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لئے 1033پر رابطہ کریں۔ ڈینگی ٹیمیں آپ کے علاقے میں نہ پہنچیں تو 1033 پر شکایت درج کروائیں۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں رواں سال ڈینگی سے کوئی قیمتی جان ضائع نہیں ہوئی۔

طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض  پہنی جائے، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے.

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ پودوں اور بیلوں کی کیاریوں میں مچھر مار سپرے کرائی جائے، جسم کے کھلے حصے، منہ اور بازوؤں پر مچھر بھگانے والا لوشن لگایا جائے، گھروں اور دفاتر میں مچھر مار سپرے، کوائل اور میٹ کا استعمال کیا جائے، کھڑکیاں اوردروازے بند رکھے جائیں۔  ڈینگی بخار کی نمایاں علامات میں تیز بخار ،سر درد ،متلی ،جوڑوں اور پٹھوں میں شدید درد اور ڈائریا شامل ہیں ۔

مزیدخبریں