یوم عاشور ، لاہوریوں کی بڑی تعداد شہر خاموشاں پہنچ گئی

30 Aug, 2020 | 09:57 AM

Sughra Afzal

(سٹی 42) یوم عاشور کے موقع پر لاہوریوں  کی بڑی تعداد  شہر خاموشاں پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی لپائی کی اور پھول ڈالنے کے بعد مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

حضرت امام حسینؑ  اور ان کے ساتھیوں  نے میدان کربلا میں 10 محرم الحرام کو اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی، جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی،  آج فرزندان اسلام انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ 

یوم عاشور پرجہاں شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں بچھڑنے والوں کی یاد اپنوں کو شہر خاموشاں کھینج لائی ، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی مرمت  کی اور گل پاشی کے بعد ان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی، کمسن بچے بھی بڑوں کیساتھ اپنے بزرگوں، عزیزوں، دوستوں اوررشتہ داروں کی آخری آرام گاہوں کے قریب بیٹھے درود و تسبیح کرتے رہے۔

 واضح رہےکہ  یوم عاشور پر قبرستان جانے کی روایت بہت پرانی ہے،  لوگ یوم عاشور پر اپنے رشتہ داروں کی قبر وں پر خصوصی طور پر حاضری دیتے ہیں۔

مزیدخبریں