عمران یونس: پنجاب کابینہ نے صوبے کی 30 سے زائد جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لئے سرچ کمیٹیوں کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلی مریم نواز کی زر صدارت صوبائی کابینہ کے چھٹے اجلاس میں بنائی گئی ان سرچ کمیٹیوں کا ٹاسک یونی ورسٹیز کے لئے مناسب وائس چانسلرز کو تلاش کرنا ہے۔
جنرل کیٹگری کی بڑی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کا سربراہ ریٹائرڈ بیوروکریٹ اسماعیل قریشی کو بنایا گیا ہے۔ لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اصغر، سابق بیوروکریٹ فرخندہ وسیم، امجد ثاقب جنرل کیٹگری سرچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
ماہر تعلیم ظفر اقبال قریشی جنرل کیٹگری کی نئی یونیورسٹیز کی سرچ کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ ریٹائرڈ بیوروکریٹس فرخندہ وسیم، اعجاز منیر، سابق چئیرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین سرچ کمیٹی کے ارکان ہین۔
گرلز یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کیلئے ماہر معیشت ڈاکٹر عاشہ غوث پاشا کو سربراہ بنایا گیا ہے۔ اس سرچ کمیٹی کے ارکان میں کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید، ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ شامل ہیں۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن تمام سرچ کمیٹیوں کے ممبر ہوں گے۔
پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے نئے سرے سے اشتہار دیا جائے گا۔65 سال سے زائد عمر کے امیدوار وائس چانسلر بننے کے لئے اہل نہیں ہوں گے۔