سٹی42:وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بات کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہ کہ سندھ اور کراچی کا امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
آج منگل کے روز وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کے وزٹ کیلئے پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے انہیں خوش آمدید کہا ۔ وزیر داخلہ نے رینجرز کے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور دُعا کی۔
رینجرز ہیڈکوارٹرز میں وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز(سندھ) کی آپریشنل تیاریوں،مشرقی سرحد، سندھ بھربالخصوص کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن اور کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں دہشتگردی، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھر پور کارروائیوں اور دیگر جرائم کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات اور امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہااور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔