پائپ  لائن سے تیل چرانے والے  دو افراد مٹی تلے دب کر ہلاک

30 Apr, 2023 | 07:45 PM

ڈیسک رپورٹ:   کراچی کی پورٹ قاسم میں دو افراد پارکو کمپنی کی پائپ لائن سے تیل چرانے کے دوران ہلاک ہو گئے۔

 پولیس رپورٹ  کے مطابق تیل چوروں کے ایک منظم گروہ نے پورٹ قاسم میں پارکو آئل کمپنی کی پائپ لائن سے تیل چرانے کے لئے پائپ لائن کے قریب ایک ایکڑ رقبہ پر پھیلا ہوا گودام کرایہ پر لے رکھا تھا۔

تتیل چوروں کا یہ گروہ سرنگ کھود کر پائپ لائن پر کلپ لگا کر تیل نکالتا تھا۔گزشتہ روز بارش کے بعدمٹی نرم ہوگئی تھی، ملزمان تیل چرانے کی غرض سے کلپ لگانے کے لئے سرنگ میں اترے تو مٹی کا تودہ ان پر آ گرا جس کے نیچے  دب کر دو افراد ہلاک ہو گئے۔ملزمان کے زندہ بچ جانے والے تین ساتھی انہیں نجی اسپتال لے کر پہنچے جہاں سے پولیس نے تینوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزموں نے بتایا کہ سرنگ میں تودہ گرنے کے وقت وہ تینوں باہر تھے، انہوں نے مٹی کھود کر دونوں ساتھیوں کی لاژیں نکالیں اور انہیں گلشن حدید میں  ایک پرائیویٹ ہسپتال لے گئے جہاں ہسپتال کے عملہ نے پولیس بلا لی اور وہ گرفتار ہو گئے۔

 واضح رہے کہ پارکو آئل کمپنی کی ریفائنری پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں قصبہ گجرات، کوٹ ادو میں واقع ہے۔ درآمدی تیل کو کراچی سے اپنی ریفائنری تک پہنچانے کے لئے پارکو نے پورٹ قاسم سے کوٹ ادو  تک سینکڑوں کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا رکھی ہے۔



مزیدخبریں