احمد منصور: بھارتی پولیس کے تشدد سے کشمیری شہری کی شہادت کو خودکشی کا رنگ دینے والے بھارتی صحافی کی آڈیو لیک ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس کے تشدد سے شہید ہونے والے کشمیری شہری کی موت پر بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی چھپانے اور مذکورہ کشمیری کی موت کو خودکشی قرار دینے میں بھرپور کردار ادا کیا گیا۔ بلآخر بھارتی صحافی کی آڈیو لیک نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
آڈیو لیک میں بھارتی صحافی منیش شرما کو اپنے ماتحت کو حقائق مسخ کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے بھی اب تک اس واقعے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب مقتول کے اہلِ خانہ نے واقعے سے متعلق مجسٹریٹ کی انکوائری رپورٹ رد کردی اور کہا کہ تحقیقات میں حقائق کو مسخ کیا گیا۔ مقتول مختار شاہ کے بھائی نے کہا کہ 50 سالہ مختار کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں، اسے پولیس نے تشدد کرکے شہید کیا۔
یاد رہے کہ مختار شاہ کو پونچھ دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں 21 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا، ساتھ ہی مختار شاہ کا بھارتی پولیس کی جانب سے خود پر ہونے والے تشدد سے متعلق ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔