(راؤدلشاد) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عیدالفطر سے قبل شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کافیصلہ، ہدف کی تکمیل کے لیے آپریشنل افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ ، عیدالفطر کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ پلان کے مکمل نفاذ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور ورکرز کی حاضری کویقینی بنایا جائے.
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی لاہوریوں کے لیے عید سے قبل ہی شہر کو زیروویسٹ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔عید سے قبل شہر میں خصوصی صفائی آپریشن کا انعقاد کیا جائے گا اور شہر کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی عیدالفطر صفائی پلان کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس مقصد کے لیے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئ ہیں۔ ڈپٹی سی ای او ایل ڈبلیوایم سی احمد ایاز کی زیر صدارت عید الفطر صفائی پلان پراہم اجلاس ہوا ہےجس میں ڈپٹی جنرل مینجر، سینئر مینجر ورکشاپ،کوآرڈینیشن منیجرز، ٹاؤن مینجرز اور تمام فلیٹ انچارج نے شرکت کی۔
ڈپٹی سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی احمد ایاز کا کہنا ہے کہ عید الفطر پلان پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ عیدالفطر کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ پلان کے مکمل نفاذ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور ورکرز کی حاضری کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ ورکشاپ ٹیمیں خراب گاڑیوں کو جلد از جلد مرمت کے بعد فیلڈ میں واپس بھجوائیں۔