حمزہ شہبازکی حلف برداری پر پرویز الہیٰ کا ردعمل آگیا

30 Apr, 2022 | 02:54 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک:  اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے حمزہ شہباز کی حلف برداری کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب الیکشن ہی نہیں ہوا تو حمزہ شہباز وزیراعلیٰ کیسے ہوسکتے ہیں ؟ عدلیہ کا ہمیشہ احترام کیا ہے لیکن آج سارے اداروں کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور ان کے ساتھ شریفوں والا رویہ نہیں رکھا، لیکن آج سارے اداروں کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ، صوبے میں آئینی بحران آ چکا ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا اگر ن لیگ والے28 دن اتنظار کرلیتے تو آئینی بحران پیدا نہ ہوتا۔ ہم ساری رات کھڑے رہے ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی، یہ سب کچھ پاکستان کے عوام کے ذہنوں میں سوالیہ نشان ہے لیکن کچھ دنوں کی بات ہے خبر کچھ اور ہوگی، گورنروفاق کا نمائندہ ہےان کے ساتھ جو کچھ کیا گیا صدر خاموش نہیں رہیں گے، رات کوچیف سیکرٹری اور آئی جی نے گورنر ہاؤس پر قبضہ کیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ الیکشن ہمیشہ ہاؤس کے اندر ہوتا ہے، وزیراعلیٰ کا انتخاب گیلری سے نہیں کیا جاسکتا، وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کی کارروائی غیر قانونی ہے، جب الیکشن ہی نہیں ہوئے تو وزیراعلیٰ کیسے مان لیں، میں امیدوار تھا مجھ پر تشدد کیا گیا، حمزہ شہباز کے کہنے پر مجھ پر تشدد کیا گیا جس سے میں بے ہوش ہوگیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن متنازع نہیں بلکہ الیکشن ہوا ہی نہیں ہے، اسمبلی کی کارروائی کو روکا گیا ہے، جہاں ووٹ کاسٹ کرنے تھے وہاں پولیس آ گئی تھی، ایوان ہمارے لیے مقدس ہے اور پولیس وہاں جوتے پہن کر داخل ہوئی۔ اس معاملے کو خود دیکھوں گا۔

مزیدخبریں