عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری

30 Apr, 2022 | 02:23 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

پنجاب حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ذمہ داریاں سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

واضح رہےکہ  پنجاب کی سیاست میں آج صبح ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفی آئینی اعتراض لگا کر مسترد کردیا۔

گورنر پنجاب کی جانب سے اسپیکر پرویز الٰہی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130کے سب سیکشن آٹھ کے تقاضے پورے نہیں کرتا، عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں۔

گورنر پنجاب کی جانب سے عثمان بزدار  کا استعفیٰ مسترد  کیے جانے کے بعد عثمان بزدار وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اپنی کابینہ کا اجلاس بھی منعقد کیا جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ 

مزیدخبریں