شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

30 Apr, 2022 | 02:00 PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی پر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی. 

شہری حافظ احتشام نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کی جس پر ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے  سماعت کی،درخواست میں ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید نے مسجد نبویﷺ کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور شرپسندوں کو ایسا کرنے پر اکسایا،  پولیس کو مقدمہ اندراج کی درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہ کی گئی جس پر عدالت سے رجوع کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ساتھ عمرہ ادائیگی کا اعلان کیا، شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا جہاں بھی جائیں گے عوام انہیں ’’چور‘‘ کہیں گے۔ ’’حرم شریف‘‘ میں بھی لوگ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کو ’’چور چور‘‘ کہیں گے۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ 28 اپریل کو مدینہ میں سیاسی نعرے بازی کا مرکزی کردار شیخ رشید ہے، شیخ رشید احمد نے ہجوم کو اس طرح کی ذلت آمیز حرکت کرنے پر اکسایا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔  عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 14 مئی تک جواب طلب کر لیا۔

 

 

مزیدخبریں