حمزہ شہباز حلف معاملہ، عدالت نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی

30 Apr, 2022 | 01:12 PM

ویب ڈیسک: حمزہ شہباز حلف برداری معاملے پر پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز حلف برداری معاملے پر پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ اپیل میں اہم نوعیت کے نکات اٹھائےگئے ہیں جس کی سماعت لارجر بینچ کرے اور اس کیلیے پانچ یا پانچ رکنی سےبڑا بینچ تشکیل دیا جائے ساتھ ہی عدالت نے سنگل رکنی بنچ کے فیصلے کا پیراگراف 9 معطل کردیا۔

انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت پر پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا عدالت کسی کو حلف برداری کا حکم دے، سنگل رکنی بینچ نے جوحکم دیا اس نے میری اپیل کا حق ختم کردیا۔

وکیل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم نے درخواست کی پہلے قابل سماعت ہونے کا معاملہ طے ہونا چاہیے تھا لیکن ہماری استدعا پر غور نہیں کیا گیا، عدالت نے وہ راستہ اختیار کیا جس کی آئین میں گنجائش ہی نہیں، صدر اور گورنر کو حکم دے رہے ہیں تو پہلے ان کو نوٹس کیا جاتا۔

عدالت نے کہا کہ درخواست تو پرانے2 فیصلوں پرعمل درآمد کیلیے تھی، گورنر نے جو نیا حکم دیا ہےاس کے بعد کیا صورت حال ہے، وزیراعلیٰ اور کابینہ بحال ہوگئے تو پھر آپ کی اپیل تو غیرمؤثر ہوگئی لیکن اس اپیل میں اہم نکات ہیں جن کا فیصلہ ہونا چاہیے اس لیے ہم اس درخواست کو سماعت کےلیے منظور کرکے نوٹس کردیتے ہیں۔

سماعت کے بعد پی ٹی آئی کے وکیل اظہر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے خصوصی بینچ نےسماعت کی ہے، عدالت نےکہا کہ معاملہ ختم ہوگیا ہے ہم نےکہا کہ معاملہ ختم نہیں ہوا، اسپیکر کو حلف لینےکا کوئی اختیار نہیں ہے، جواب عدالت میں لایا جائےاور فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل زیر سماعت ہونے کے دوران ہی حمزہ شہباز نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری سے قبل چیف سیکرٹری پنجاب نےلاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھایا ، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا۔

مزیدخبریں