(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے لیے پارلیمانی قائدین سے نام مانگ لیے۔
اس حوالے تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو خطوط ارسال کردیئے گئے ہیں۔ خطوط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اس خط کے جاری ہونے کے سات دنوں کے اندر انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپنی متعلقہ جماعتوں کی جانب سے اپنی نامزدگیاں قومی اسمبلی سیکر ٹریٹ کو بھیجوا دیں۔
اسپیکر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ قومی اسمبلی نے 16 اپریل 2022 کو اپنے اجلاس میں قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 244 (B) کے تحت ایک تحریک منظور کی تھی جس کے تحت پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائی گی جو الیکشن اصلاحات میں خامیوں کا جائزہ لینے اور گزشتہ انتخابات اور انتخابی اصلاحات کے لیے سفارشات پیش کرے گی تاکہ آئندہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ خطوط عمران خان (پی ٹی آئی)، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی (ایم کیو ایم پی)، اسد محمود (ایم ایم اے پی)، خواجہ محمد آصف (پی ایم ایل این) محمد اختر مینگل (بی این پی ایم) کو بھیجے گئے ہیں۔
خطوط امیر حیدر اعظم ہوتی (اے این پی)، بلاول بھٹو زرداری (پی پی پی پی) غوث بخش خان مہر (جی ڈی اے)، نوابزادہ شاہ زین بگٹی (جے ڈبلیو پی)، شیخ رشید احمد (اے ایم ایل پی)، چوہدری طارق بشیر چیمہ (پی ایم ایل)، مخدوم شاہ محمود حسین قریشی (پی ٹی آئی) اور خالد حسین مگسی (بی اے پی) کو بھی ارسال کیے گے ہیں۔
۔