ویب ڈیسک:وزیر اعظم شہباز شریف مدینہ منورہ کے بعد مکہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے لیے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا اور انہوں نے پروٹوکول کی نگرانی میں خانہ کعبہ کےاندرنوافل اداکیے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زیارتِ خاص کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور طوافِ کعبہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان، عالم اسلام کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس دوران زائرین کی بڑی تعداد نے معمول کے مطابق اپنا طواف جاری رکھا۔گزشتہ شب سعودی حکومت نے وزیراعظم شہبازشریف کیلئے روضہ رسولﷺ کا دروازہ کھولا گیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول صلی اللہ و علیہ وسلم پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے، جمعتہ الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔
جدہ میں وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، احسن اقبال، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود۔منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔