مسجد نبوی ﷺ کی بےحرمتی پرعمران خان کا مؤقف سامنے آگیا

30 Apr, 2022 | 08:35 AM

ویب ڈیسک: مسجد نبوی کی بےحرمتی پرچئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مؤقف سامنے آ گیا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتا اس مقدس جگہ لوگوں کو آوازیں کسنے کی ہدایت دوں، میرے کے دل میں رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جو مقام ہے وہ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدینے میں جب یہ واقعہ ہوا تو یی ٹی آئی کارکن شب دعا منا رہےتھے، جو ہوا وہ ان کے اعمال کا نتیجہ تھا، انہوں نے بیرونی سازش کا حصہ بن کر حکومت کو گرایا، اس سازش کے تحت این آر او ٹو دیا گیا، کرپٹ ترین لوگوں کو مسلط کیا گیا، یہ عوام کا رد عمل ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلے کبھی اس طرح عوام نہیں نکلے، عوام میں غصہ ہے۔عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو چیلنج کیا کہ یہ کسی عوامی مقام پر جائیں، کہیں کوئی منہ نہیں لگا سکے گا۔

عمران خان کے بیان کے برعکس افسوسناک واقعے کی ویڈیو پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی اور کیپشن میں لکھا گیا کہ امپورٹڈ حکومت کے نمائندے دنیا میں جہاں بھی جائیں گے ان کا استقبال چور اور غدار کے نعروں سے ہو گا، تاہم لوگوں کی مذمت پر پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی۔
 

مزیدخبریں