سٹی 42: ایل پی جی کی قیمتوں میں 12روپے فی کلوگرام کمی کردی گئی، 146 روپے گھریلو جبکہ 562 روپے کمرشل سلنڈر سستا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔ کمرشل سلنڈر 6050 اور گھریلو سلنڈر 1572 روپے میں دستیاب ہوگا۔ لاہوریوں کو ایل پی جی اب 133 روپے فی کلوگرام میں مل سکے گی۔
دوسری جانب یکم مئی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں پونے 6روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، ڈیزل کی قیمت 6روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی مجوزہ قیمتوں کا تعین موجودہ پٹرولیم لیوی کی شرح پر کیا گیا ہے۔ پیٹرول پر موجودہ لیوی 11روپے23پیسے فی لیٹر ہے۔ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 15روپے29پیسے فی لیٹر ہے البتہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے دیگر اشیاء خاص طور پر اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔عوام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پہلے ہی نالاں نظر آتے ہیں اور حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔