سٹی 42: ٹرانسپورٹرز نے حکومتی احکامات ہوا کر دیئے، انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں دھڑلے سے جاری ہیں۔
این سی او سی کے فیصلے کے برعکس بسوں میں سو فیصد سیٹوں پر مسافروں کو بٹھانے کا عمل جاری ہے۔ ایک سیٹ چھوڑ کرمسافر بٹھانے کی پالیسی نظرانداز کی جارہی ہے۔ نہ ماسک کا استعمال نہ سینیٹائزر اور نہ ہی بسوں میں ڈس انفکشن سپرے کیا جارہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیمیں خاموش تماشائی بن گئی ہیں۔کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں عملدرآمد کے لیے تشکیل کردہ ٹیموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
کورونا نے انسانی زندگیاں نگلنا بند نہ کیں، کورونا کے وار جاری ہیں، مہلک کورونا وائرس مزید 18 مریضوں کی زندگیوں کے چراغ گل کر گیا۔لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 1085 نئے مریض سامنے آگئے۔سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1237 مریض داخل ہیں۔ہسپتالوں میں کورونا کے 810 کنفرم اور 427 مشتبہ مریض داخل ہیں۔ کورونا وائرس کے 265 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
ملکی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالی جائے تو موذی کوروناوائرس کے باعث ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 131 افراد جان کی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 5 ہزار 112 افرا متاثر ہو گئے ہیں۔