عبدالقدیر ٹرسٹ ہسپتال کیجانب سے مستحق افراد میں راشن تقسیم

30 Apr, 2020 | 10:37 PM

Arslan Sheikh

( سعدیہ خان، طاہر جمیل ) عبدالقدیر ٹرسٹ ہسپتال کی جانب سے مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا گیا، چیف ایگزیکٹو ہسپتال شوکت ورک کا کہنا ہے کہ دس ہزار خاندانوں کو راشن بیگز فراہم کیے، مزید ایک لاکھ خاندانوں کو باعزت طریقے سے مدد فراہم کریں‌ گے۔

مخیر حضرات اور مختلف اداروں کی جانب سے مستحق افراد کی مدد کا سلسلہ جا ری ہے۔ عبدالقدیر ٹرسٹ ہسپتال نے بھی کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دس ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن بیگز دیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو ہسپتال شوکت ورک کا کہنا ہے کہ مزید ایک لاکھ افراد کو راشن فراہم کرکے اس کار خیر میں حصہ ڈالیں گے۔

مشکل کی اس گھڑی اور ماہ رمضان کی برکات سمیٹنے کے لیے ہر فرد اپنی مدد آپ کے تحت انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، عبد القدیر ٹرسٹ ہسپتال بھی ان میں سے ایک ہے۔

دوسری جانب سمن آباد میں واقع نائس ویلفیئر کی جانب سے دو سے زائد افراد میں افطاری کا کھانا تقسیم کیا گیا۔ جنرل سیکرٹری ویلفیئر سارہ اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے رمضان راشن پیک کے ساتھ ساتھ افطاری کی تقسیم بھی شروع کی ہے جلد اسکا دائرکار بڑھا کر دوسرے علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔

نائب صدر ندیم حسن نے کہا کہ مخیر حضرات کو چاہیئے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں ایسے افراد کو یاد رکھیں جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے۔

اسی طرح ایس کے ٹی ویلفیئر کی جانب سے گرین ٹاون میں 300 ضرورت مند خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

راشن کی تقسیم کے موقع پر ایس کے ٹی ویلفئیر کے ارکان شاہد جاوید بیگ اور کاشف بیگ کا کہنا تھا کہ اب تک لاہور بھر میں پانچ سو ضرورت مند افراد میں راشن تقسیم کرچکے ہیں، راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ لاک ڈاون کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہے، ساتھ چلیں گے تو کامیابی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راشن تقسیم کرنے سے قبل ضرورت افراد کی رجسٹریشن کرواتے ہیں۔

مزیدخبریں