بینک روڈ (علی ساہی، عابدچودھری ) لاہور سمیت پنجاب بھر کے 28 اہلکار کورونا کا شکار ہوگئے، 15 اہلکاروں کی رپورٹ کا انتظار ہے، لاہور کے 11، پاکپتن کے 5، نارووال کے 4، سی پی او میں ایک اہلکار شامل ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پنجاب میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 5827 تک پہنچ گئی، لاہور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 1469 کنفرم مریض ہیں، کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل 100 جبکہ لاہور میں 49 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، 1520 افراد نے کورونا کو مات دیدی جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ابھی 52 اہلکاروں و افسران کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں جبکہ 28 میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب ایس پی صدرغضنفر شاہ کے مطابق ایس ایچ او رائیونڈ سید سبطین شاہ کے بعد چوکی انچارج اڈا پلاٹ حیدر بھی کورونا کا شکار ہو گیا، حیدر کو قائم مقام ایس ایچ او رائیونڈ تعینات کیا گیا تھا جس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹوآنے پر ایکسپو کورونا سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے گرم پانی پیئں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کریں۔
یاد رہے کہ 24 مارچ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ ہے ، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا38 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، شہریوں کو غیرضروری سفر سے باز رکھنے کے لئے پولیس ناکے بھی لگے ہوئے ہیں۔