لوئر مال (راﺅد لشاد) شہر کی 274 یونین کونسلز کو میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ضم کردیا گیا، یکم مئی سے تمام یونین کونسلز کا ریکارڈ ایم سی ایل کے حوالے کردیا جائے گا، برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس اب میٹروپولیٹن کارپوریشن سے ہی جاری ہوسکیں گے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت برتھ، ڈیتھ، میرج اور طلاق سرٹیفکیٹس کو آسان بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اس موقع پر سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019ءعملی طور پر نافذ ہوچکا ہے۔7 نومبر کو455 لوکل گورنمنٹس فعال کردی گئیں۔
یونین کونسلز کے تمام اثاثہ جات ماسوائے چیک بکس کے کل یکم مئی سے ایم سی ایل کے حوالے کر دیا جائے گا، ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسلز کی سروسز واپس ان کے محکموں کے سپرد کردی گئیں۔ ڈیتھ، برتھ، میرج اور طلاق کے سرٹیفکیٹس یونین کونسلز کی بجائے ایم سی ایل سے ملیں گے تاہم اس یونین کونسلز جن کے دفاتر کرائے پر تھے اب ختم ہوگئیں، سرکاری عمارتوں کی101 یونین کونسلز کے دفاتر اب ایم سی ایل کے دفاتر ہوں گے، جہاں ایم سی ایل کے 101فیلڈ آفیسرز فرائض سرانجام دیں گے۔
چیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری نے کہا کہ شہریوں کوبنیادی دستاویزات کی فراہمی ان کی دہلیز پر ہو سکے گی۔ میٹروپولیٹن آفیسرز ریگولیشنز کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔اجلاس میں پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان ،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ انکوائری امین اکبر چوپڑا ،ایم او ریگولیشن محمدزبیر وٹو ،ایم او فنانس یوسف سندھو،ایم او پلاننگ ون مزمل اشتیاق سمیت زونل افسروں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ25 جون 2019 کو تبدیلی سرکار نے یونین کونسلز پرایک اور وار کیا تھا، شہر کی 274 یونین کونسلز کے اکلوتے ایڈمنسٹریٹر کو کام کرنے سے روک دیا تھا، جس سے یونین کونسلز کے مالی اور انتظامی امور بری طرح متاثر ہورہے تھے۔