( شہباز علی ) چیئرمین پی سی بی کے ہوشربا اخراجات، 7 ماہ میں 65 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کر ڈالے، اہلیہ نے بھی بورڈ کے خرچ پر غیرملکی دورے کئے، احسان مانی نے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں بھی اخراجات کا جواب نہیں دیا۔
چیئرمین پی سی بی کے اخراجات کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے 7 ماہ میں 65 لاکھ روپے سے زائد اخراجات کر ڈالے، احسان مانی نے رہائش کی مد میں 20 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے۔ گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں 4 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد خرچ کیے۔
اندرون ملک سفر پر 2 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی، گورننگ میٹنگ میں حاضری کے 20 ہزار روپے وصول کئے اور غیرملکی دوروں پر 33 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی جبکہ چیئرمین پی سی بی کی اہلیہ کے غیر ملکی دوروں پر 3 لاکھ 30 ہزار خرچ ہوئے۔