ثمرہ فاطمہ: منٹگمری روڈ کا واٹر فلٹریشن پلانٹ واسا کی جانب سے بجلی کا بل ادا نہ کئے جانے کے سبب بند پڑا ہے۔ علاقہ کے مکین صاف پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں۔
علاقہ کے مکینوں نے بتایاکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ ایک ماہ سے غیر فعال ہے اور انہیں پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
پلانٹ بند ہونے کی وجہ یہ معلوم ہوئی کہ حکام نے نامعلوم وجہ کی بنا پر بجلی کا بل ادا نہیں کیا، لیسکو والے بجلی کا کنکشن کاٹ گئے، تب سے پانی کی فراہمی بند ہے۔
لوگوں کی آمد و رفت کم ہونے کے بعد فلٹریشن پلانٹ کے نلکے نشے کے عادی افراد نے چوری کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ اگر انتظامیہ نے جلد پلانٹ کی بجلی بحال کروا کر یہاں سے پانی کی فراہمی شروع نہ کی تو خدشہ ہے کہ نشئی افراد پلانٹ کی تمام ٹونٹیاں اتارنے کے بعد دیگر سامان پر بھی ہاتھ صاف کریں گے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فلٹریشن پلانٹ بندہونے سے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ علاقہ کےمکین اطراف کی آبادیوں سے پانی بھر کر لاتے ہیں اور اپنی صاف پانی کی گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لئے کثیر وقت صرف کرنےپر مجبور ہیں ۔
انتظامیہ سے گزارش ہے کہ فلٹریشن پلانٹ کو فعال کروا کر علاقہ میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔