سٹی42: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے . انہوں نے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں.
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع پنجگوور کے علقے خدا آباد میں آج دہشتگردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سات مزدوروں کے لواحقین کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی مزدور کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے بھی پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل قابل مذمت ہے ، آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا ۔
سرفراز بگٹی نے کہاکہ دہشت گردوں بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں ، دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت دونوں میں دیں گے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ صوبے میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا ، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے ، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔