ویب ڈیسک: نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہےکہ الیکشن میں پی ٹی آئی سے کوئی سختی نہیں برتی جائے گی۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر چاہتے ہیں کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے، نواز شریف کی ممکنہ گرفتاری، جیل بھیجنے کے بارے میں وزارتِ قانون سے رائے بھی طلب کی ہے۔
برطانوی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے الیکشن میں کوئی سختی نہیں برتی جائے گی، منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، الیکشن میں عدالتوں سے ریلیف نہ ملا تو چیئرمین پی ٹی اؔٓئی کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نگران وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سے متعلق فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، حالات سے لگتا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا مقابلہ فوج سے نہیں ریاست سے ہے، نواز شریف کی وطن واپسی پر چاہتے ہیں کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے، نواز شریف کی ممکنہ گرفتاری، جیل بھیجنے کے بارے میں وزارتِ قانون سے رائے بھی طلب کی ہے۔