ویب ڈیسک : بالی ووڈ کی سُپر اسٹار کترینہ کیف نے میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کو واٹس ایپ پر مقبولیت کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
حال ہی میں میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ نے 150 سے زائد ممالک میں اپنا نیا چینلز فیچر متعارف کروایا تھا، چینلز ایک براڈ کاسٹ فیچر ہے جس کو سلیبریٹی اور اسپورٹس ٹیمیں اپنی اپ ڈیٹس شیئر کرنے کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔اس نئے فیچر کے ذریعے ہم واٹس ایپ پر مشہور شخصیات کے فالوورز کی تعداد دیکھ کر اُن کی مقبولیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
ابھی تک واٹس ایپ چینلز پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت میں کترینہ کیف پہلے نمبر پر ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 14.2 ملین ہے جبکہ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کے 9.2 ملین فالوورز ہیں۔ کترینہ کیف نے مارک زکربرگ کے ساتھ ساتھ عالمی شہرت یافتہ گلوکار و ریپر بیڈ بنی کو بھی واٹس ایپ پر مقبولیت کی دوڑ میں شکست دے دی ہے کیونکہ واٹس ایپ پر گلوکار کے فالوورز کی تعداد 12.6 ملین ہے جوکہ بالی ووڈ اداکارہ سے کم ہے۔
اب تک واٹس ایپ چینلز پر واٹس ایپ، نیٹ فلکس اور ریئل میڈریڈ کے بعد کترینہ کیف کو سب سے زیادہ فالو کیا جارہا ہے۔