(ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 89 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے3 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق اے این ایف نےکارروائی کرتے ہوئے سپر ہائی پر جامشورو کے قریب کار سے 54 کلوگرام چرس برآمد کی ہے،دوران کارروائی شکارپور کےرہائشی ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اے این ایف نے وندر کے قریب کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت کراچی کے رہائشی 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے،ملزمان کے سفری بیگوں سے 18 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان منشیات پشین سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اے این ایف نے آر سی ڈی ہائی وے پر وندر کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون کو گرفتار کیا ہے،ملزمہ کے قبضے سے 5 کلوگرام آئس اور 2 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔ملزمہ منشیات واٹر کولر میں چھپا کر قلات سے کراچی اسمگل کر رہی تھی۔
اے این ایف نے الفتح مال فیصل آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار سے 4 کلو 800 گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔پشاور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد کی گئی ہے،ایک کلوگرام آئس کپڑوں کے ڈبوں میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔