(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے مابین ہونے والے پانچویں ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی، میچ کے بعد آل راؤنڈر افتخار احمد اور شاداب خان نے اپنی اپنی باولنگ کے بارے گفتگو کی جس میں افتخار کے بھائی کہنے پر شاداب خان نے انہیں منع کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پاک انگلینڈ سریز کے پانچویں ٹی 20 میچ میں پاکستان نے 5 رنز نے کامیابی حاصل کی، میچ کے بعدافتخار احمد اور شاداب خان نے اپنی اپنی بولنگ کے حوالے سے گفتگو کی،افتخار کا کہنا تھا کہ’ شاداب بھائی نے جس طرح بتایا تھا ‘تاہم شاداب نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے فوراً انھیں ٹوکا اور سوال کیا میں بھائی ہوں؟ جس پر افتخار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ شاداب مجھ سے چھوٹے ہیں لیکن میں انھیں بھائی کہتا ہوں۔
افتخار کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے مشورے کے مطابق گیند کرانے کی کوشش کی، مجھے وکٹ سے مدد ملی اور میں اس میں کامیاب رہا۔ہمارا کمبی نیشن اچھا بنا ہوا ہے، محمد نواز اور شاداب خان اچھی بولنگ کر رہے ہیں، اس کمبی نیشن کی وجہ سے میری بھی بولنگ ہو گئی، ثقلین مشتاق کے ساتھ بہت کام کر رہا ہوں، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے ساتھ دو تین چیزوں پر کام کر رہا ہوں جس سے اچھی بولنگ ہو رہی ہے۔
نائب کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وقفے کے بعد میں نے میچ کھیلا، ایسی صورتحال میں کم بیک مشکل ہوتا ہے، یہ ایساہی ہے جیسے ڈیبیو کرنا، میچ کی صورتحال اچھی بنی ہوئی تھی اسی لیے جب میں بولنگ کے لیے آیا تو ریلیکس تھا۔
شاداب خان نے دوران گفتگو امپائر کے ناٹ آؤٹ والی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ریویو لینا خوش قسمتی تھی، امپائر علیم ڈار سمجھے کہ بال اوپر جا رہا ہے لیکن ہماری پچز پر گیند زیادہ اوپر نہیں جاتا۔ سیریز یقینی طور پر ہم جیتنا چاہیں گے لیکن اصل ہدف ہمارا ورلڈ کپ ہے۔
ہم نئے کمبی نیشن بنا رہے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع بھی دے رہے ہیں، ہم اس سیریز سے اچھی تیاریوں کے ساتھ جانا چاہ رہے ہیں، جس شعبے میں مشکل ہے اسے بہتر بنانا ہے۔