(ویب ڈیسک) کورونا وبا نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں پنجے گاڑ رکھے ہیں جہاں وبا کے تدارک کے لئے تحقیق کا سلسلہ جاری ہے وہیں یہ ر یسرچ بھی کی گئی کہ سگریٹ نوشی کرنیوالے افراد کے لئے کورونا کتنا خطرناک ہے۔
تحقیق میں پتہ چلا کہ تمباکو نوش افراد میں کووڈ 19 کی علامات زیادہ ہوسکتی ہیں۔ یہ ریسرچ حال ہی میں کی گئی جس میں انکشاف ہوا کہ کووڈ 19 کا شکار ہونا تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی، برسٹل یونیورسٹی اور ناٹنگھم یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی کے عادی افراد اگر کووڈ 19 سے متاثر ہوتے ہیں تو ان کے ہسپتال پہنچنے کا امکان 80 فیصد زیادہ ہوتا ہے، اسی طرح موت کا خطرہ بھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔اس جانچ پڑتال کے لیے ایک تیکنیک میڈلین رینڈمائزیشن کی مدد لی گئی تھی جس میں جینیاتی اقسام کو کسی مخصوص خطرے کی شناخت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ نتائج سے یہ ٹھوس عندیہ ملتا ہے کہ تمباکو نوشی کووڈ کی سنگین شدت کا خطرہ بڑھانے والا عنصر ہے، بالکل اسی طرح جیسے تمباکو نوشی کو امراض قلب، کینسر کی مختلف اقسام اور دیگر امراض سے منسلک کیا جاتا ہے۔