بھارتی شہریوں کے قد چھوٹے، بونے بننے لگے

29 Sep, 2021 | 06:01 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک : دنیا بھر میں انسان دراز قد ہوتے جا رہے ہیں۔ لیکن ایک نئی تحقیق کے مطابق بھارت میں عام شہریوں کا اوسط قد چھوٹا ہوتا جا رہا ہے۔

جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سینٹر آف سوشل میڈیسن اینڈ کمیونٹی ہیلتھ  کی رپورٹ  کے مطابق سن 1998-99کے مقابلے میں سن 2005-06 سے سن 2015-16 کے درمیان بھارت میں بالغ مردوں اور عورتوں کے قد میں واضح کمی دیکھی گئی۔ قد میں سب سے زیادہ کمی غریب طبقات اور قبائلی خواتین میں نوٹ کی گئی۔ تحقیق میں 15 سے 25 برس اور 26 سے 50 برس کی درمیانی عمر کے مرد اور خواتین کے اوسط قد اور ان کے سماجی اور اقتصادی پس منظر کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

بھارت میں عورتوں کا اوسط قد پانچ فٹ ایک انچ اور مردوں کا اوسط قد پانچ فٹ چار انچ ہوتا ہے۔ مذکورہ مدت کے دوران عورتوں کے قد میں اوسطاً تقریباً 0.42 سینٹی میٹر اور مردوں کے قد میں 1.10 سینٹی میٹر کی نمایاں کمی آئی ہے۔بھارت میں صرف غریب اور پسماندہ طبقات کی خواتین کے قد میں کمی آئی ہے جب کہ امیر طبقات کی خواتین کے اوسط قد میں اضافہ ہوا ہے۔ لیکن دوسری طرف مردوں کے معاملے میں امیر و غریب، پسماندہ اور ترقی یافتہ کے ساتھ ساتھ شہری اور قبائلی ہر طبقے کے مردوں کے اوسط قد میں کمی آئی ہے۔

مزیدخبریں