سٹی 42: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی عرب کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات میں دبئی ایکسپو میں باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ایم او یو سائن کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی بی آئی ٹی اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون میں زیرواین او سی کی پالیسی لارہے ہیں، پنجاب میں بزنس کو فرینڈلی اور رسک فری بنا رہے ہیں، سرمایہ کاروں کے لئے سی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی معاونت کر کے تعلق نبھایا، پاکستان او رسعودی عرب کے عوام اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شکریہ کے ساتھ دورہ سعودی عرب کی دعوت قبول کر لی۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول اور سماجی شعبوں میں بہتری کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور منفرد ہیں، پاکستان ہر نعمت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ بیرون ملک سے سیاحوں کے آنے سے پاکستان کا امیج مزید بہتر ہوسکتا ہے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کی سعودی عرب سے محبت کی قدر کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب او رپاکستان کے درمیان ا خوت کا مثالی رشتہ ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔