ڈیفنس(اسرارخان) ڈیفنس اے کے علاقہ میں ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر قتل، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
شہر میں قتل، چوری، راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں کا ہونا معمول بن گیا،خواتین، بچے،بوڑھے اور مرد گلی محلوں میں بھی محفوظ نہیں رہے، آئے روز چوری وڈکیتی کے واقعات نے شہریوں میں خوف وہراس پھیلا دیا ، آج قتل کا افسوسناک واقعہ ڈیفنس فیز ون میں پیش آیا، جہاں 25 سالہ لیڈی ڈاکٹر خولہ احمد اپنی سہیلی رجا سے ملنے اس کے گھر گئی تھی، گھر کی دہلیز پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر واردات کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے خولہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن منصور امان اور ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا سمیت دیگر افسرموقع پر پہنچ گئے جنہوں نے فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے جنرل ہسپتال مردہ خانے منتقل کر دی گئی، جبکہ خولہ کے والد ڈاکٹر بشارت علی خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیفنس اےپولیس نے2مشتبہ افرادکوحراست میں لےلیا, دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں,سی سی ٹی وی کی مددسےملزمان کوگرفتارکیاگیا۔