( حافظ شہباز علی ) آل راؤنڈر فہیم اشرف فٹنس مسائل کے باعث نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سے باہر، سنٹرل پنجاب فرسٹ الیون میں کرکٹر فہیم اشرف کی جگہ علی شان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں نے اپنے اپنے متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا انتخاب کر لیا۔ ٹیم ناردرن نے عماد وسیم کے متبادل کے طور پر محمد اسماعیل کو شامل کر لیا۔ عماد وسیم کاؤنٹی کرکٹ کی وجہ سے انگلینڈ میں موجود ہیں۔ انجری کا شکار رومان رئیس کے متبادل غلام مدثر ہوں گے۔
ادھر بلوچستان سیکنڈ الیون میں سمیع اسلم کی جگہ عظیم گھمن کو شامل کیا گیا ہے۔ سندھ فرسٹ الیون میں شامل ہونے والے غلام مدثر کی جگہ تابش خان کا انتخاب سیکنڈ الیون میں کیا گیا ہے۔ احسن بیگ کو سدرن پنجاب میں محمد عرفان کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ آج ملتان میں شروع ہوگا۔
دوسری جانب پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں انگریزی کے ساتھ ساتھ قومی زبان اردو میں بھی کمنٹری ہوگی۔ رمیز راجہ ابتدائی 2 روز کمنٹری کرنے کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے دستیاب ہوں گے۔ وسیم اکرم 9، 10 اور 11 اکتوبر کو راولپنڈی کے میچوں میں کمنٹری کریں گے۔
بازید خان ملتان میں ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں کمنٹری کریں گے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ہم سب اس نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے پیچھے کھڑے ہیں۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے آغاز کے لیے اس سے اچھا وقت اور کوئی نہیں ہے۔
ٹیسٹ کپتان اظہر کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کمنٹری کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ ثناء میر نے کہا کہ یہ میرا کمنٹری کا پہلا تجربہ ہوگا، امید ہے یہ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے سے آسان ثابت ہو۔ بازید خان کا کہنا تھا کہ امید ہے شائقین کرکٹ اس مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی کوریج سے لطف اندوز ہوں گے۔