(سٹی 42) موسم بدلنے کے ساتھ ہی لاہورمیں سموگ کے بادل چھانے لگے، محکمہ موسمیات نے موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج باغوں کے شہر لاہور کا موسم گرم اور خشک رہےگا،ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونےسے حبس بڑھے گا،آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36اور کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا،شام میں نمی کا تناسب 45 فیصد تک رہےگا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہےکہ بدھ کے روز بھی صوبائی دارالحکومت لاہور کا موسم خشک اور گرم رہےگا تاہم سینٹرل پنجاب میں اکتوبر کے پہلے ہفتے اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کی توقع ہے،نومبر کا مہینہ زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔
موسم بدلنے کے ساتھ ہی لاہورمیں سموگ کے بادل چھانے لگے، فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا، ائیر کوالٹی انڈیکس 250 تک پہنچ گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ مہینے فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات نے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، محکمہ تحفظ ماحولیات نے آج لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریاں سربمہر کر دیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کا کہنا ہے کہ شہر لاہور کو سموگ سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، دھواں اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اس سلسلے میں عدالتی احکامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہےکہ سموگ دھوئیں اور دھند کے مرکب کو کہا جاتا ہے جب یہ اجزا ملتے ہیں تو سموگ پیدا ہوتی ہے، اس دھوئیں میں کاربن مونو آکسائید، نائڑوجن آکسائیڈ میتھن جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں،گلے میں خراش ہونا، ناک اور آنکھوں میں چھبن کا احساس ہونا انسانی جسم پر سموگ کا پہلا اٹیک ہے،جبکہ ایسے لوگ جو سینے پھیپھڑے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ان کے لیے سموگ مزید بیماریوں کا پیش خیمہ ہوتا ہے، سموگ سے پودوں کی افزائش کو بھی نقصان کے ساتھ ساتھ فصلوں اور جنگلات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتی ہے۔