راؤدلشاد حسین: شہرکی ماڈل شاہراہ جیل روڈ کے فٹ پاتھ سرکاری اداروں کی بے حسی کی بھینٹ چڑھ گئے، پیدل چلنے والے شہریوں کومشکلات کا سامنا، کئی ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارفٹ پاتھ سرکاری اداروں کی توجہ کے منتظر ہیں۔
خستہ حالی کی تصویر پیش کرتے یہ فٹ پاتھ شہرکےکسی دور افتادہ شاہراہ کے نہیں بلکہ ماڈل قرار دی گئی جیل روڈ کے ہیں جس کے فٹ پاتھ گزشتہ کئی ماہ سے سرکاری اداروں کی توجہ کے منتظر ہیں جبکہ پیدل چلنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ٹوٹ پھوٹ کے شکارفٹ پاتھ پرشہریوں نے ملبہ پھینکنا شروع کردیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک سال سے فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لیکن کسی سرکاری محکمے نے بحالی کی زحمت گوارانہیں کی، بزرگ شہری اکثروبیشتریہاں حادثے کاشکار ہو جاتے ہیں۔ ایل ڈی اے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اورضلعی انتظامیہ کی تمام تر توجہ ریونیواکٹھا کرنے پر ہے، نئےفٹ پاتھوں کی تعمیر تو درکنار ٹوٹے فٹ پاتھ بھی بحال نہیں کیے جاتے۔
جیل روڑکے خستہ حال فٹ پاتھ ناصرف سرکاری اداروں کی کارکردگی کاپول کھول رہے ہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی کسی اذیت سے کم نہیں۔