وزیراعظم شہباز شریف اور  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو طرفہ تعاون کے فروغ پرمتفق

29 Oct, 2024 | 10:32 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد  محمد بن سلمان کے درمیان ریاض فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم کے موقع پر دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ 

ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی، شہباز شریف نے ان کی اور ان کے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر بھی ولی عہد اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارتی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والی بے پناہ تباہی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں