اویس کیانی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی عوام ترکیہ کی ترقی و خوشحالی کے متمنی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ترکیہ کے 101 ویں یومِ جمہوریہ پر پیغام جاری کیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے ترکیہ کے یوم ِجمہوریہ پر ترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک صدی میں ترکیہ نے مختلف شعبوں میں مثالی ترقی کی ، امید ہے کہ ترکیہ صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترقی کی مزید منازل طے کرے گا،ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز اٹھائی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان -ترکیہ تعلقات مشترکہ تاریخ، اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان اور ترکیہ مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ،پاک-ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔