ارشاد قریشی : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت حکومت کی ذمہ داری ہے، بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہوٹہ میں غلام ربانی قریشی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ، ڈایلیسز سنٹر بنوانا بہت بڑاکام ہے اس کو وہ سمجھ سکتا ہے جس کو ضرورت ہے۔ ضلع اٹک میں تحصیل ہسپتال پنڈی گھیب میں ڈائیلاسز سنٹر جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے عوام مہنگائی کی وجہ سے کتنی مشکل صورتحال میں ہے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ووٹ کو قربان کیا، جہاں ملک کے وقار کی بات آئی ہم نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ، پاکستانی قوم صدقہ و خیرات دینے میں نمبر ون ہے ۔ تعلیم اور صحت حکومت کی ذمہ داری ہے، بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ آج اگر کولیشن گورنمنٹ چل رہی ہے اسکا کریڈیٹ صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ کون ہے جو صرف نعرے لگاتا ہے اور کون کام کرتا ہے ، بحثیت اتحادی حکومت پر مثبت تنقید کا مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ میں متوسط طبقے سے ہوں ،عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ سکولوں کو پرائیویٹ نہیں کرنا چاہیے جہاں سٹاف کی کمی ہے حکومت پوری کرے۔