غزہ میں پانچ منزلہ عمارت پر بمباری سے 93 افراد مارے گئے

29 Oct, 2024 | 05:10 PM

Waseem Azmet

سٹی42:   شمالی غزہ میں  93  افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

منگل کے روز شمالی غزہ کے  گاؤں بیت لاہیا میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں ک یعارضی رہاش گاہ  پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 93 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔

اسرائیل نے یہ حملے اس وقت کیے جب اتوار کے روز دوحہ میں شروع ہونے والے مذاکرات کے نئے دور کا بھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ ان مذاکرات میں مصر کی جانب سے چار یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے دو روز کی جنگ بندی کی تجویز دی گئی تھی جبکہ دیگر ثالثوں کی جانب سے جامع  تجاویز بھی سامنے ٓٓئیں تاہم حماس کی جانب سے ان تجاویز کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا، 

اس دوران  الجزیرہ نیوز کا کہنا ہے کہ غزہ  میں انسانی صورت حال ابتر ہو رہی ہے۔ شمالی غزہ، جو اکتوبر کے اوائل سے اسرائیلی محاصرے میں ہے، کے حالات خاصے سخت ہیں۔ الجزیرہ نیوز کا بھی کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اب تک موجود رہنے والوں کی مسلسل ہلاکتوں اور بدتر حالت کے باوجود، قطر میں دوبارہ شروع ہونے والی جنگ بندی کے مذاکرات میں کسی پیش رفت کی توقع نہیں کی جا رہی ہے۔

الجزیرہ کے ہانی محمود نے، غزہ کے دیر البلاح سے رپورٹنگ کرتے ہوئے، بیت لاہیا میں ائیر سٹرائیک کے بعد کی صورتحال  کے دلخراش مناظر بیان کیے۔ اس رپورٹر نے بتایا کہ ملبے کے نیچے سے مزید لاشیں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ملبے سے نکالے جانے والوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کا بہت خون بہہ رہا ہے اور بہت سے "کنکریٹ کے بڑے ٹکڑوں کے بھاری وزن سے کچلے گئے جب وہ سو رہے تھے"۔

کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے بتایا کہ حملے کے بعد 150 سے زائد  افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ زخمی ہونے والوں میں سے بہت سے وسائل کی کمی کی وجہ سے مر سکتے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے گزشتہ ہفتے ہسپتال کے درجنوں افراد پر مشتمل طبی عملے کو حراست میں لے لیا تھا، اب اس ہسپتال میں صرف تین ڈاکٹر رہ گئے تھے۔

دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ بیت لاہیا میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت اسرائیلی حملے سے منہدم ہو گئی۔
غزہ میں، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 43,020 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس دن حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک ہوئے، اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں گزشتہ سال سات اکتوبر سے اب تک مرنے والوں میں 17 ہزار سے زیادہ حماس کے کارکن ہیں۔


 

مزیدخبریں